غزہ(اے ایف پی، جنگ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اردن اور مصر غزہ سے مزید فلسطینی مہاجرین کو قبول کریں، فلسطینی صدر، حماس اور اردن نے تجویز مسترد کردی، اسرائیلی وزیر کی جانب سے خیر مقدم ، ٹرمپ کی گرین لینڈ پر ڈینش وزیراعظم کو دھمکیاں، امریکی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ طالبان قیادت کےسروں کی قیمت اسامہ بن لادن سے بھی زیادہ مقرر کرسکتے ہیںٹرمپ کے ایگزیکٹیو آرڈر کے بعد ہزاروں افغانوں کی امریکا منتقلی کھٹائی میں پڑ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اردن اور مصر غزہ کی پٹی سے مزید فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول کریں، غزہ میں تباہی کے بعد یہ سب کچھ صاف کرنا چاہئے، اردن اور مصر عارضی یا مستقل طور پر فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول کریں، فلسطینی صدر محمود عباس، حماس، اسلامک جہاد اور اردن نے امریکی صدر کی تجویز مسترد کردی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں کی ملک بدری قابل قبول نہیں ہے ، حماس اور اسلامک جہاد کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا اسرائیلی جنگی جرائم کی حوصلہ افزائی ہوگی، اسرائیل میں انتہا پسند وزیر اسٹومرچ نے امریکی صدر کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے ، دوسری جانب امریکی وزیرِِ خارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا ہے کہ اگر افغان طالبان کی تحویل میں مزید امریکی شہری ہوئے تو امریکاطالبان قیادت کے سر وں کی قیمت مقرر کرے گاجو اسامہ بن لادن کیلئے مقرر کی گئی قیمت سے بھی زیادہ ہوگی ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تارکین وطن سے متعلق ایگزیکٹیو آرڈر نے ان ہزاروں افغانوں کے لئےامریکا میں پناہ لینے کا راستہ روک دیا ہے جنہوں نے افغانستان میں امریکی فوج کی موجودگی کے دوران ان کی حمایت کی تھی اور ان کے ساتھ مل کر کام کیا تھا۔ ادھر صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر ڈنمارک کی وزیراعظم کو دھمکیاں دی ہیں کہ وہ گرین لینڈ کا علاقہ امریکا کو بیچ دیں ، ٹرمپ نے اصرار کیا ہے کہ انہوں نے ڈنمارک کی وزیر اعظم کے ساتھ ایک فون کال کے دوران انہیں بتایا کہ وہ گرین لینڈ کا کنٹرول سنبھالنے میں سنجیدہ ہیں۔