• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، نوجوان نے امریکی خاتون کو محبت کا جھانسہ دیکر بلایا اور مکر گیا

کراچی (جنگ نیوز) کراچی کے نوجوان نے امریکی خاتون کو اپنی محبت میں گرفتار کرکے پاکستان بلالیا تاہم خاتون کو ٹکا سا جواب دے گیا،جس سے خاتون پاکستان میں دربدرہوگئی۔ کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے تعلق رکھنے والے19 سال کے لڑکے نے اس امریکی خاتون کو اپنی محبت کے جال میں پھنسایا تھا۔امریکی خاتون کا نام ہے اونیا اینڈریو رابنسن۔ اور اسکا تعلق امریکا کی ریاست نیویارک سے ہے۔ اسکی عمر تینتیس برس ہے۔ وہ شادی شدہ تھی اور مبینہ طورپر دوبچوں کی ماں بھی ۔ یہ خاتون کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکرپاکستانی آگئی تھی۔ کراچی آنے کیلیے خاتون نے پانچ اکتوبر سن دوہزار چوبیس کو پاکستان کے ویزا کیلئے اپلائی کیا تھا اور اسے 9اکتوبر سن دوہزار چوبیس کو پاکستان کا سیاحتی ویزا ایک ماہ کیلئے جاری کیا گیا تھا۔ خاتون جب کراچی پہنچی تو لڑکے کے والدین یہ جان کرحیران رہ گئے تھےکہ انکے بیٹے نے جسے پسند کیا ہے وہ انکے بیٹے سےعمر میں تقریبا دو گنا بڑی ہے، شوہر سے طلاق لے کر آئی ہے اور دوبچوں کی ماں بھی ہے۔ والدین کی ناراضی پر نوجوان اس خاتون کو چکمہ دے کر غائب ہوا تو خاتون جو رقم لائی تھی اسکی مدد سے کچھ دن تو گزارے پھر ائرپورٹ آکربیٹھ گئی اور تقریبا سات روز سے وہ کراچی ائرپورٹ پر موجود ہے۔ یہ محض اتفاق ہے کہ گورنرٹیسوری اندرون سندھ دورے سے جہاز میں کراچی پہنچے تو خاتون کو پریشانی کی حالت میں دیکھا تب معاملہ کھلا ، گورنر سندھ نے خاتون کو فوری طورپر پاکستان کا ویزا جاری کرادیا ہے ۔ پیر کو جاری یہ ویزا گیارہ فروری تک کی مدت کیلئے ہے۔ ساتھ ہی گورنر سندھ نے خاتون کی امریکا واپسی کے ٹکٹ کا بھی بندوبست کرادیا ہے۔ اس وقت خاتون کی حالت ایسی ہے کہ وہ بات کرنے کے بھی قابل نہیں اور جنون کی کیفیت میں اس نے کئی بار اپنے کپڑے تک پھاڑ لیے۔
اہم خبریں سے مزید