لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر مارٹن رائزر کی زیر قیادت اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی،مارٹن رائزرنے پنجاب کو ماحولیات میں بہتری کے لئے موثر اقدامات پر”ریجنل چیمپئن“ قراردے دیا۔ غربت کے خاتمے، آئی ٹی، انفراسٹرکچر میں مزید بہتری، ماحولیاتی مسائل کے حل اور سماجی ترقی کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا ،مارٹن رائزر نے وزیر اعلیٰ کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو سراہا اور کہا کہ پنجاب کے پراجیکٹس ورلڈ بینک کی کنٹری پارٹنر شپ کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔وفد نے ماحولیاتی بہتری اور سینی ٹیشن سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی،وزیر اعلیٰ نے پ ورلڈ بینک کے اشترک کار کو سراہا اور کہا ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ایئر پروگرام شروع کر رہے ہیں ، مارٹن رائزر نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ پنجاب میں تعلیم، آئی ٹی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں قابلِ تقلید اقدامات کیے گئے ہیں۔