پشاور(ارشد عزیز ملک)خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی وزارت اعلیٰ کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں۔ عمران خان نے علی امین کو تبدیل کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی البتہ عمران خان کوخیبر پختونخوامیں گورننس کے حوالے سے پریشانی ہے انھوں نے تین وزراء کے خلاف مبینہ کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کی ہدایات بھی دی ہیں ۔ایک پارٹی رہنما نے بتایا کہ بشری بی بی کا پارٹی میں حالیہ تبدیلیوں میں اہم کردار ،بانی چیئرمین کو بریف کیا،علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ عمران خان سے ملاقات میں خود درخواست کی تھی کہ صوبائی صدارت واپس لےلیں،حکومت کے ساتھ پارٹی عہدہ چلانا مشکل ہے اب حکومتی معاملات پر توجہ چاہتاہوں،تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے حالیہ دنوں میں ملنے والے تحریک انصاف کے تین اہم رہنماؤں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کو بعض وزراء کی مبینہ کرپشن کی شکایات ملی ہیں جس پر عمران خان شدید برہم ہیں ۔انہوں نے پارٹی کی صوبائی قیادت کو تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔تینوں رہنماؤں نے تصدیق کی کہ عمران خان نے علی امین کو وزرات اعلی سے ہٹانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی البتہ تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کے لئے انھوں نے عاطف خان سے نام مانگاتھا جس پر عاطف خان نے جنید اکبر خان کا نام دیا۔ایک رہنما نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بشری بی بی کا پارٹی میں حالیہ تبدیلیوں میں اہم کردار ہے ۔انھوں نے پشاورمیں موجودگی کےدوران اہم رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں تھیں ۔بشری بی بی کا خیال تھا کہ پارٹی اورحکومتی عہدے الگ الگ ہونے چاہیں۔بشری بی بی نے عمران خان کو پارٹی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی سےبھی آگاہ کیا تھا ۔اس حوالے سے جب عاطف خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نےتصدیق کی کہ کئی روز قبل عمران خان نے صوبائی صدر کے لئے نام مانگا تھا پہلی ملاقات میں جنید اکبر کا نام دیا تھا تاہم گذشتہ روز جیل میں دوسری ملاقات کے دور ان انہوں نے جنید اکبر خان کو صدر بنانے کی منظوری دی۔ عاطف خان نے کہا کہ عمران خان کوتین وزراء کی مبینہ کرپشن کی شکایات ملی تھیںجس پر انھوں نے میر ی رائے مانگی ۔عاطف خان نے کہا کہ میں نے انھیں مشورہ دیا کہ تحقیقات کے بعد کوئی فیصلہ کریںجس پر عمران خان نے تینوں وزراء کے خلاف تحقیقات کی ہدایات جاری کیں ۔علی امین کو وزارت اعلی سے ہٹانے کے حوالے سے سوال پر عاطف خان نے تصدیق کی کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی خبریں درست نہیں ۔ پارٹی چیئرمین عمران خان نے علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں البتہ وہ کرپشن کی شکایات پر پریشان تھے۔