اندرون بلوچستان(نمائندگان جنگ+ ایجنسیاں)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے ‘ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ بیلہ میں جام کمال گروپ نے واضح کامیابی حاصل کرلی۔ ڈیرہ بگٹی میں آزاد امیدواروں نےمیدان مار لیا،بیلہ میں جام کمال گروپ کی واضح برتری‘ کئی امیدوار بلامقابلہ کامیاب‘ میونسپل کارپوریشن خضداراور کرخ کی سیٹیں پیپلزپارٹی نے جیت لیں،پشین سے نامہ نگار کے مطابق صوبے بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن پشین کی خالی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات میں وارڈ 12کی نشست پر پشتونخوامیپ کے امیدوار شمس الدین جمال94ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوگئے،جمعیت کے امیدوار مولوی عتیق اللہ درانی 76ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، وارڈ 13پر جمعیت کے محمد شریف پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے۔دوسری جانب میونسپل کمیٹی حرمزئی وارڈ 4بالا حاجیزئی میں جمعیت کے جنرل کونسلر کے امیدوار سعید شاہ205ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالرشید 148ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ دونوں مقامات پر بلدیاتی ضمنی انتخابات پرامن ماحول میں مکمل ہوئے۔خضدار کے نامہ نگار کے مطابق خضدار کی جنرل نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے ضلع بھر میں کل9وارڈز خالی ہوئے تھے،7وارڈز پر بلا مقابلہ امیدوارالیکشن سے قبل منتخب ہوئے جبکہ اتوار کومیونسپل کارپوریشن خضدار کی ایک اور میونسپل کرخ کے ایک وارڈ پر ووٹنگ ہوئی ، دونوں وارڈز پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے میونسپل کارپوریشن کے وارڈ 4 پر احمد نواز 214 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر رہے جبکہ نیشنل پارٹی کے امیدوار نیاز احمد 88 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، میونسپل کمیٹی کرخ کی جنرل نشست کی وارڈ 6 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار سکندر علی 103 ووٹ لیکر پہلے اوران کے مد مقابل ثناء اللہ 65 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔