خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) تفصیلات کے مطابق دادو میں پیپلز پارٹی کے رہنما پیرمظہر الحق اور زمیندار گل محمد شاہ کے درمیان تنازعہ تیز ہوگیا۔ زمیندار گل محمد شاہ کی جانب سے پیر مظہرالحق کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی گئی۔پیپلز پارٹی کے چیئرمئن بلاول بھٹو نے معاملہ کا نوٹس لیکر وزیراعلی سندہ سے رپورٹ طلب کرلی۔اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق وزیر پیرمظہرالحق اور مقامی زمیندار گل محمد شاہ کے درمیان درختوں کی کٹائی پر جاری تنازعہ نے شدت اختیار کرلی ہے۔ زمیندار گل محمد شاہ نے گذشتہ روز پیر مظہر الحق کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے 22اے بی کی درخواست لیکر سیشن کورٹ دادو پہنچ گیا۔ اس نے کہا کہ درخت میں نے نہیں کاٹے۔پیر مظہر نے خود درخت کٹوائے ہیں۔ زمیندارنے درخواست میں یہ بھی کہا کہ میں اپنی زمین پر پہنچا تو دائم شاخ کے مقام پر پیرمظہر نے اپنے کامدار غلام حسین پنہور دیگر چھ افراد کے ھمراہ نیم کے ایک سو درخت کاٹ لیئے۔ میں نے انہیں منع کیا کہ درخت نہیں کاٹو لیکن انہوں نے میرے ھاریوں کو دھمکیاں دیں ۔گل محمد شاہ نے یہ بھی کہا کہ پیرمظہر مجھ سے زبردستیزمین خریدنا چاہتا ہے۔میں نے انکار کیا ۔جس پر جعلی مقدمات میں پھنسانا چاہتا ہے۔ عدالت نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقن کو 28جنوری کو طلب کرلیا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز پیر مظہر نے عدالت میں درخواست داخل کرائی تھی کہ زمیندار گل محمد شاہ نے درخت کٹوائے ہیں۔اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی سینٹرل کمیٹی کے رکن پیرمظہر الحق کی شکایت کا پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی نوٹس لینے کے بعد وزیراعلی سندہ مراد علی شاہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ یاد رہے کہ دونوں طاقتور فریقین کا پیپلز پارٹی سے تعلق ہونے کی وجہ سے ضلع کے محکموں کے افسران بھی سخت کشمکش میں مبتلا ہوگئےہیں کہ وہ کس کا حکم مانیںاور کس کا نہ مانیں۔