کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تحت چلنے والے تقریباً تمام غیر ملکی امدادی پروگرامز روکنے کا اعلان کیا ہے اور اس ضمن میں دنیا بھر میں امریکی سفارتی اور قونصلر دفاتر کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، وزیر خارجہ کا یہ اقدام صدر ٹرمپ کے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت کیا گیا ہے۔ اس ایگزیکٹو آرڈر میں امریکی صدر تمام غیر ملکی امدادی پروگرامز کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ امریکی ٹی وی سی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق، امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ معلومات دستیاب نہیں ہیں کہ ان امدادی پروگرامز کے تحت جو مفادات حاصل کیے جانا ہیں وہ حاصل ہوئے ہیں یا نہیں، اور آیا کہ یہ پروگرام موثر ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے تحت ان تمام باتوں کا پتہ لگانا ضروری ہے تاکہ امدادی پروگرامز کو خارجہ پالیسی کے تحت ہم آہنگ کیا جا سکے۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ فی الوقت ایک ایسے نظام یا دفتر کی ضرورت ہے جہاں یو ایس ایڈ کے تمام سینئر عہدیدار، سفارت کار، سفارتی مشن اور دیگر عہدیدار امدادی پروگرامز کے حوالے سے مفصل معلومات حاصل کر سکیں اور اسی معلومات کی روشنی میں وزیر خارجہ امداد کے حوالے سے فیصلہ کر سکے۔