• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس کونسل کراچی کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے نو منتخب عہدیداران و اراکین گورننگ باڈی نے حلف اٹھالیا۔

تقریب حلف برداری میں مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، قونصل جنرل ترکیہ، سری لنکا، عراق سمیت فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن اور قومی ترانے سے کیا گیا، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن سال برائے 26-2025ء کے لیے کامیاب ہونے والے نومنتخب عہدیداران و اراکین گورننگ باڈی سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حلف لیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احمد شاہ، عہدیداران اور گورننگ باڈی اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں، آرٹس کونسل میں احمد شاہ اور ان کی باڈی 2008ء سے جیتتی آرہی ہے، دو مرتبہ الیکشن نہیں ہوئے اس مرتبہ بھی احمد شاہ ہی کامیاب ہوئے، جس طرح احمد شاہ نے ہر سال اپنے پچھلے ریکارڈ کو توڑا اس کی مثال نہیں ملتی، یہی وجہ ہے کہ اس الیکشن میں بھی احمد شاہ کامیاب ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا دنیا بھر سے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ساڑھے چار سو فنکاروں کا کراچی آنا بہت بڑی بات ہے، جہاں دنیا خدشات اور تحفظات کا شکار ہے وہاں آرٹس کونسل کا عالمی سطح کا منفرد کام کرنا خوش آئند ہے، احمد شاہ میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ مریخ سے بھی لوگوں کو بلوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قائد اعظم نے پاکستان سیاست اور ڈیمو کریسی کے زور پر حاصل کیا تھا، آرٹس کونسل جیسے ادارے آرٹس اور فنکاروں کو فروغ دیں تاکہ وہ 80 کی دہائی کی اس بند گلی سے نکل جائیں جس سے ہم نکل نہیں سکے تھے، سندھ حکومت نے آرٹس کونسل کے 1964 سے قائم آرٹ اسکول کو فعال کیا۔

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل نے کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے بے مثال کام کیا ہے، سندھ حکومت اور آرٹس کونسل ایک ساتھ چل رہے ہیں، سمٹ میں شامل شرکاء سے دنیا بھر میں پاکستانیوں کا بہتر تاثر اور ہمارا مورال بلند ہوگا، ثقافتی و سماجی انقلاب کا سفر اسی طرح نئی جہتوں کے ساتھ جاری وساری رہنا چاہیے۔ 

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعلیٰ سندھ، وزیر ثقافت، کمشنر، مختلف ممالک کے سفارتکاروں سمیت تمام گورننگ باڈی اراکین اور آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ میری نہیں آپ کی جیت ہے، میں اور میرے ساتھیوں نے بھی یہ کوشش کی ہے کہ آپ سب کا اعتماد ہم پر قائم رہے۔

محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوری روایت کو قائم رکھا اور منتخب کرنے کا حق عام عوام کو ہی دیا، انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد بھی جانا چاہتے ہیں، ان تمام کامیابیوں کے پیچھے سندھ حکومت اور خاص طور پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بہت اہم کردار ہے، وزیراعلیٰ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ہم سکھر اور لاڑکانہ میں بھی فیسٹیول کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چار سال سے الیکشن نہیں ہو رہے تھے اور اس سال بھی کوئی امکان نہیں تھا، فن و ثقافت کے فروغ کےلیے سندھ میں تمام یونیورسٹیز کے ساتھ ایم او یو سائن کرلیا ہے، اس مرتبہ آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی میں پانچ نئے لوگ شامل کیے ہیں جو نہایت ہی تجربے کار اور دنیا کے حالات سے بخوبی واقف ہیں۔

انھوں نے کہا اس مرتبہ گورننس، اکنامکس اور ماحولیاتی ایشوز سمیت دیگر پر بات ہوگی، نوبل انعام یافتہ شخصیات بھی آرٹس کونسل آئیں گی، اٹلی، فرانس، اسپین سے بھی آرٹسٹوں کو آرٹس کونسل لے کر آئیں گے، انہوں نے کہاکہ ہم 6 نومبر کو ورلڈ کلچر فیسٹیول سمٹ کا آغاز کریں گے، نومبر 2025ء میں ہونے والا ورلڈ کلچر فیسٹیول عالمی سطح کا فیسٹیول ہوگا، ہم نے 64 ممالک سے بات کر لی ہے ابھی نو مہینے باقی ہیں 100سے زائد ممالک کے فنکار اس مرتبہ آرٹس کونسل میں پرفارم کریں گے۔

انھوں نے کہا ہم ورلڈ کلچر سمٹ کرنے جا رہے ہیں دنیا کے پانچ بڑے ایشو سائنٹس ، انوائرمنٹ، وائلنس،اے آئی چیٹ جی پی ٹی ، ڈیجیٹیل ایولیشن جن کا نظام بیٹھ چکا ہے ان پر آرٹس کونسل میں بات کریں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید