• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے پاس اپنا گھر ہو، امریکی سرمایہ کار جینٹری بیچ


امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے پاس اپنا گھر ہو، ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی یہاں لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت بن جاتی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جینٹری بیچ نے کہا کہ میں یہاں مذاکرات کیلئے نہیں کاروبار کیلئے آیا ہوں، میرا حکومت کی معاشی سفارتکاری سے کوئی تعلق نہیں، ہم پاکستان میں معدنیات، توانائی اور ریئل اسٹیٹ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

جینٹری بیچ نے کہا کہ گزشتہ 4 سال جو کچھ بائیڈن انتظامیہ نے پاکستان سے کیا وہ مناسب نہیں تھا، رچرڈ گرینیل ایک زبردست امریکی ہیں انہوں نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ میرا خیال ہے کہ رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا ہے، رچرڈ گرینیل نے جو بات کی وہ پاکستان کے بارے میں اپنی انڈراسٹینڈنگ کے مطابق کہی ہے۔

امریکی سرمایہ کار نے کہا کہ میں پاکستان کو امریکا کے ایک اتحادی کے طور پر دیکھتا ہوں، آئل اینڈ گیس سیکٹر پر بھی پاکستان میں اب تک کم توجہ دی گئی ہے، صدر ٹرمپ بھی ایک بزنس مین ہیں، امریکا اور پاکستان کی موجودہ قیادت کا مائنڈسیٹ ایک جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،  پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

جینٹری بیچ نے کہا کہ دنیا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ ہم آہنگ ہے، امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں دیں، امریکا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے، امریکا پاکستان کو ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید