کراچی (عبدالماجدبھٹی) لاہور میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شاہی استقبال ہوگا، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے لاہور کے حضوری باغ میں 16فروری کو تقریب میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاح کا فیصلہ کیا ہے ۔ تقریب میں کوئی کھلاڑی شریک نہیں ہوگا۔ چیئرمین آئی سی سی بھارت کے جے شاہ کی شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب میں چیمپئنز ٹرافی انتظامات کے سلسلے میں پاکستان میں موجود آئی سی سی آفیشلز، پی سی بی افسران، سابق کرکٹرز، ممتاز شہریوں اور سیاست دانوں کو مدعو کیا جائے گا۔ مہمان خصوصی کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کی مختلف تقریبات کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔ چیئرمین محسن نقوی نے حتمی منظوری دے دی ہے۔ متوقع طور پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی ذرداری مہمان خصوصی ہوں گے۔ پی سی بی کے پیٹرن شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کے اپ گریڈیشن کا سات فروری جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری11 فروری کونیشنل اسٹیڈیم کراچی کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کریں گے۔ پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں تقریب والے دن کراچی میں ہوں گی۔ انگلش ٹیم 18 ، آسٹریلیا 19 فروری کو لاہور پہنچے گی۔ بنگلہ دیش اور بھارت 15 فروری کو دبئی جبکہ افغانستان 12 فروری کو اسلام آباد پہنچے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ نے بھارت میں 12 فروری کو ختم ہونے والے دورے کے بعد ایک ہفتے اور آسٹریلیا نے 14 فروری کو دورہ سری لنکا مکمل ہونے کے بعد چار روز آرام کیا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں آئی سی سی نے کراچی میں افتتاحی تقریب نہ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر نو اور تزئین وآرائش کا کام تقریباً مکمل کر لیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 19فروری کو کھیلا جائے گا۔ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تاخیر سے آنے کے سبب انگلینڈ اور آسٹریلیا دونوں نے وارم اپ میچوں سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکااور ویسٹ انڈیز میں 2024 ورلڈکپ سمیت ماضی میں کئی آئی سی سی ایونٹس میں بھی ایسا کیا جاچکا ہے ۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب کے منصوبوں پر اندرونی اور آئی سی سی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا تھا تاہم تفصیلات یا شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا تھا ۔ آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ پی سی بی ذرائع نے وضاحت کی کہ کچھ غلط فہمیاں یا قیاس آرائیاں کی گئیں جس کی وجہ سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ کوئی تقریب منعقد کی جائے گی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم نے افتتاحی ایونٹ کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن یہ بات ہمیشہ واضح تھی کہ ایسی کسی بھی تقریب میں تمام ٹیموں کی شرکت ضروری ہوگی جو موجودہ آمد کے شیڈول کو دیکھتے ہوئے ممکن نہیں ہے۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے کم از کم 10 جبکہ دبئی تین میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں بھارت کے میچز اور پہلا سیمی فائنل شامل ہے۔ اگر بھارت 9 مارچ کے فائنل میں نہیں پہنچتا تو میچ لاہور بصورت دیگر فائنل دبئی میں ہوگا۔