پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار معمر رانا کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متنازع ویڈیو کے حوالے سے ہدایت کار ندیم چیمہ کی جانب سے بھی مؤقف سامنے آ گیا ہے۔
معمر رانا کی پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی فلم ’باپ‘ کے پریمیئر کی تقریب کے دوران چلتے ہوئے لڑکھڑا جاتے ہیں تو دیگر افراد کے سہارے سے چلنے لگتے ہیں۔
ہدایت کار ندیم چیمہ نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران معمر رانا کی اس متنازع ویڈیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’باپ‘ کے پریمیئر پر پہنچنے سے پہلے میری 4 بج کر 30 منٹ پر معمر رانا سے میری بات ہوئی اور میں نے ان سے پوچھا کہ آپ تیار ہیں تو ہم لوگ پریمیئر کے لیے نکلیں تو اُنہوں نے جواب دیا کہ جی بالکل میں تیار ہوں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ مجھ سے بات کرنے کے بعد معمر رانا 5 بجے تک سنیما پہنچ گئے تھے اور اس وقت تک بالکل ٹھیک تھے۔
ندیم چیمہ نے بتایا کہ مجھے سنیما پہنچنے میں تھوڑی دیر ہو گئی تھی تو جب میں پہنچا اور ہم لوگ سنیما میں داخل ہونے لگے تو میں نے معمر رانا کو لڑکھڑاتے ہوئے دیکھا اور فوراً ان کے پاس جا کر پوچھا کہ اُنہیں کیا ہوا ہے؟ تو اُنہوں نے جواب دیا کہ میری طبیعت کچھ ٹھیک نہیں ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب معمر رانا نے اپنی طبیعت کے بارے میں بتایا تو میں اُن سے کہا کہ اگر آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی تو آپ پریمیئر میں شرکت نہ کرتے۔
ندیم چیمہ نے بتایا کہ پریمیئر کے موقع پر جب میری اور معمر رانا کی یہ بات ہو رہی تھی تو ہمارے ارد گرد موجود لوگ ویڈیوز بنا رہے تھے جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور لوگوں نے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کرنا شروع کر دیں۔
اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو معمر رانا پر اس طرح تنقید نہیں کرنی چاہیے بلکہ ان کے کام کی قدر کرنی چاہیے۔
ندیم چیمہ نے یہ بھی کہا کہ فلم کے پریمیئر کے موقع پر معمر رانا کے لڑکھڑانے کی اصل وجہ ابھی واضح نہیں ہے، میں انہیں کئی بار کال کر چُکا ہوں لیکن ان کا فون بند ہے۔