باصلاحیت پاکستانی انجینئر نے ٹیسلا کے سائبر ٹرک کی نقل تیار کر لی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ٹیسلا کے مشہور ’سائبر ٹرک‘ کی نقل گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ایک انجینئر ولی محمد نے تیار کی ہے۔
ولی محمد نے سائبر ٹرک کے منفرد ورژن کو ڈیزائن کر کے اپنی ورکشاپ میں تیار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی تخلیقی ذہانت سے اس منفرد ورژن کو اس انداز سے ڈیزائن کیا ہے کہ وہ ٹیسلا کے سائبر ٹرک سے حیرت انگیز مشابہت رکھتا ہے۔
اس گاڑی کو مغل سیف گارڈ نامی ایک کمپنی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس گاڑی کو تیار کرنے میں 30 لاکھ روپےخرچ ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے ولی محمد کا کہنا ہے کہ میں نے یہ گاڑی ایک کلائنٹ کی فرمائش پر تیار کی ہے۔
ٹیسلا کے سائبر ٹرک کی طرح نظر آنے والی اس گاڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے کیے گئے ہیں۔