پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختون خوا کے صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ میں کسی وزارت کی دوڑ میں نہیں ہوں۔
پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ڈیڑھ ماہ سے اس ذمے داری کے لیے آمادہ کیا جا رہا تھا، اگر بانی پی ٹی آئی کا حکم نہ ہوتا تو میں اس ذمے داری کے لیے تیار نہیں تھا۔
جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پارٹی جلسے کے لیے کسی سے پیسے نہ لیں گے اور نہ ہی دیں گے، کسی پارٹی رکن کو جلسے کے لیے ٹارگٹ نہیں دیا کہ اتنے کارکن لائیں۔
پی ٹی آئی خیبر پختون خوا کے صدر نے کہا کہ صوابی احتجاج سے متعلق وزیرِ اعلیٰ سے الگ ملاقات ہوگی، آج اجلاس میں ان کو مدعو نہیں کیا گیا ہے، ان کی زیادہ ذمے داریوں کے باعث آج کے اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ پارٹی ہمارا گھر ہے، ہم پارٹی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
اجلاس میں 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے لیے حکمتِ عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔