چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو بطور سابق وزیر اعظم خط لکھا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے خط میں سپہ سالار سے پالیسیوں پر نظر ثانی کا کہا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ ہم انتشار نہیں چاہتے فوج ہماری ہے، افواج پاکستان بہت قربانیاں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خط آج میڈیا کے سامنے آجائے گا، بانی پی ٹی آئی نے کمرہ عدالت میں 9 صحافیوں کو خط کی تفصیل بتائی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خط پی ٹی آئی کا پالیسی شفٹ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو 6 نکات پر مشتمل خط بھیجا ہے، بانی نے بطور سابق وزیر اعظم اور پارٹی سربراہ خط لکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط میں آرمی چیف سے پالیسیاں تبدیل کرنے کی درخواست کی، بانی پی ٹی آئی نے خط میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی بھی بات کی۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج سے اظہار یکجہتی کیا، خط میں کہا کہ فوج روزانہ قربانیاں دے رہی ہے، ضرورت ہے پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی رہے۔