• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا یو این انسانی حقوق کونسل سے باہر، اُنروا کی فنڈنگ بند کردی

فوٹو: بشکریہ امریکی میڈیا
فوٹو: بشکریہ امریکی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے، ٹرمپ نے فلسطینی امدادی ایجنسی انروا کے لیے فنڈنگ ​​روکنے کی دستاویز پر بھی دستخط کردیے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ دیکھنا چاہتا ہوں کہ مصر اور اردن فلسطینیوں کو قبول کریں، فلسطینیوں کے پاس غزہ چھوڑنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ضروری نہیں کہ غزہ میں اسرائیلیوں کی آباد کاری کی حمایت کروں۔

امریکی صدر نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے میمو پر بھی دستخط کردیے اور کہا کہ ایران نیوکلیئر ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ایرانی صدر سے بات چیت کریں گے، ایران نیوکلیئر ہتھیار بنانے کے انتہائی قریب ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایرانی تیل کی دوسرے ممالک کو فروخت پر پابندی لگانے کا اختیار رکھتے ہیں، اگر ایران نے امریکا پر جوابی حملہ کیا اور مجھے مارنے کی کوشش کی تو ایران کو مکمل تباہ کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدر سے مناسب وقت پر بات کریں گے اور اس کے لیے کوئی جلدی نہیں، چین اگر جوابی طور پر ٹیرف عائد کرتا ہے تو بھی ٹھیک ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ میں بہت فراڈ ہورہا ہے، اسے بند کردیں گے، چاہتا ہوں کہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے امریکی محکمہ تعلیم کو بند کردوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بہتر ہوگا اگر امریکی مجرموں کو کسی دوسرے ملک کی جیلوں میں قید کیا جائے، دیگر ممالک کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکا کے مجرموں کو اپنے ہاں قید میں رکھنے پر تیار ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید