• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم اتحاد کو پی ٹی آئی حکومت گرانے میں 4 سال لگے تھے، وزیر دفاع خواجہ آصف


وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اتحاد کو پی ٹی آئی حکومت کو گرانے میں 4 سال لگے تھے۔

اپوزیشن جماعتوں کے الیکشن کے مطالبے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد کو پی ٹی آئی حکومت کو گرانے میں چار سال لگے تھے، اپوزیشن کو تو ابھی ایک سال بھی نہیں ہوا ہے۔

 جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایک دوسرے پر اعتراضات کرنے والے ایک دوسرے کے ساتھ کیسے ہوسکتے ہیں، ایسے اتحاد فطری نہیں ہوتے، نئے انتخابات کی ڈیمانڈ ہونی ہے تو پورے ملک کیلئے ہوگی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطوں میں تسلسل ہونا چاہیے، صدر مملکت کے مولانا فضل الرحمان سے بہت اچھے تعلقات ہیں وہ انہیں انگیج کریں۔ نواز شریف، شہباز شریف کے بھی مولانا فضل الرحمان سے اچھے تعلقات ہیں، میں بھی مولانا فضل الرحمان سے بات چیت میں حصہ ڈال سکتا ہوں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت سے متعلق مولانا کے خدشات پر ان کا ساتھ دینا چاہیے۔ سیاست میں کوئی حرف آخر نہیں ہوتا، معاملات تصادم سے نہیں مذاکرات سے حل ہوتے ہیں، پاکستان میں 25 کے قریب اتحاد بنے کوئی ایک بتادیں جو کامیاب ہوا۔

قومی خبریں سے مزید