حیدرآباد پولیس اور وکلا کے درمیان تنازع حل نہ ہوسکا، وکلا نےایس ایس پی حیدرآباد کا تبادلہ نہ ہونے پر مرکزی قومی شاہراہ بند کردی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
حیدرآباد پولیس اور وکلا کےدرمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے۔ ایس ایس پی کا تبادلہ نہ ہونے پر آج پھر وکلا نے ایس ایس پی آفس میں احتجاج کے بعد قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا۔
احتجاجی دھرنے کے باعث کراچی سے اندرون ملک آنے اور جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔
صدر اور جنرل سیکریٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی کا تبادلہ کر دیا جائے، وکلا پُرامن طریقے سے گھر چلے جائیں گے ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔
دوسری جانب وکلا کے رویے کےخلاف حیدرآباد کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے گزشتہ روز احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کی درخواست دے دی تھی، جس کو ڈی آئی جی نے مسترد کردیا اور ڈیوٹی پر واپس جانے کا حکم دیا تھا۔
حیدرآباد میں تین دن قبل وکیل کی گاڑی میں ہوٹر اور فینسی نمبر پلیٹ لگانے کے خلاف بھٹائی نگر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ جس پر پولیس اور وکلا برادری کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔