چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور عوام اور بانی کے درمیان محبت ختم نہیں کرسکے۔
صوابی جلسے سے خطاب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 8 فروری کو عوام نے بانی پی ٹی آئی کو اکثریت دلائی تھی، رات کی تاریکی میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوام اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان محبت ختم نہ کرسکے، آج کارکنوں نے تاریخ رقم کردی ہے، بانی کی آواز پر کارکنوں نے لبیک کہا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہم آگے تھے، رات کی تاریکی میں مینڈیٹ چوری کیا گیا، بانی چیئرمین نے ملک کی خاطر مذاکرات شروع کرنے کا کہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عدلیہ آزاد ہوگی تو سیاسی استحکام ہوگا، سیاسی استحکام ہوگا تو ملک کی معیشت بہتر ہوگی۔