• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فلم ’صنم تیری قسم‘ کیلئے 215 لڑکیوں میں سے ماورا حسین کو کیوں منتخب کیا گیا؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پاکستانی خوبرو اداکارہ ماورا حسین نے 2016ء میں بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے کے مدِ مقابل فلم ’صنم تیری قسم‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔

2016ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ کو 9 سال بعد رواں ماہ 7 فروی کو ری ریلیز کیا گیا ہے جس نے اپنے پرانے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے ہیں۔

یاد رہے کہ فلم اپنی ابتدائی ریلیز کے دوران باکس آفس پر ناکام رہی تھی، فلم کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اسٹریم کرنے کے بعد سنیما میں دوبارہ سے ریلیز کیا گیا ہے۔

فلم میں ماورا حسین نے ’سارو‘ جبکہ اداکار ہرش وردھن رانے نے ’اندر‘ کا کردار ادا کیا ہے، یہ ایک رومانٹک میوزیکل فلم ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کے لیے پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کا نام فائنل کرنے سے قبل فلم ساز 200 سے زائد لڑکیوں کا آڈیشن لے کر انہیں مسترد کر چکے تھے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سارو کے کردار کے لیے فلمسازوں کو ایک ایسی اداکارہ کی تلاش تھی جو روتے ہوئے بھی خوبصورت دکھائی دے۔

اس فلم میں سلیکٹ ہونے سے متعلق اداکارہ ماورا حسین خود بھی اس بات کا انکشاف کر چکی ہیں کہ انہیں اس منفرد خوبی کی وجہ سے اس کردار کے لیے چنا گیا تھا۔

ماورا کا کہنا ہے کہ مجھے کہا گیا تھا کہ تقریباً 215 لڑکیوں نے آڈیشن دیا ہے لیکن کوئی بھی روتے ہوئے خوبصورت نظر نہیں آ رہی، چونکہ فلم میں کئی جذباتی مناظر عکس بند ہونے تھے اس لیے روتے ہوئے اداکارہ کا حسین نظر آنا ایک اہم پہلو تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلم سازوں کو اس کردار کے لیے ماورا سب سے مناسب اداکارہ لگیں اور یوں انہیں منتخب کر لیا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید