حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی فلم ’صنم تیری قسم‘ کو بھارتی سنیما میں دوبارہ ریلیز کردیا گیا۔
’صنم تیری قسم‘ کو بھارتی سنیما میں دوبارہ ریلیز کیا گیا ہے۔ ریلیز سے قبل فلم کے 88 ہزار ٹکٹس فروخت ہوئے، فلم نے اوپننگ پر سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
2016ء میں پہلی بار ریلیز ہونے والی اس فلم نے کُل 8 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا، تاہم اب 7 فروری کو دوبارہ ریلیز ہونے والی اس فلم نے صرف 2 دنوں میں 9 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا۔
5 فروری 2016ء کو ریلیز ہونے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ اداکار کمل ہاسن اور اداکارہ رینا رائے کی 1982ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ کا ری میک تھی، اس فلم کی شوٹنگ کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقا میں کی گئی تھی۔
اس فلم میں ماورا نے ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جو سادہ اور پڑھاکو تو ہے لیکن پیار اور محبت کے معاملے میں اس کی قسمت اچھی نہیں۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ماورا کی زندگی میں اس وقت تبدیلی آئی جب ان کی زندگی میں اندر نام کا ایک لڑکا آتا ہے جس کا کردار اداکار ہرش وردھن رانے نے ادا کیا تھا۔
فلم ’صنم تیری قسم‘ میں اداکارہ ماورا حسین کی جاندار اداکاری کے باعث انہیں آج بھی اس فلم کے باعث پہچانا جاتا ہے جبکہ بھارت سے باہر بسنے والے کئی بالی ووڈ پرستار یہ سمجھتے ہیں کہ ماورا حسین شاید بھارتی اداکارہ ہیں۔
ماضی کی طرح اس بار بھی ماورا حسین کی اداکاری کو مداحوں نے خوب سراہا ہے۔