مشہور یوٹیوبر اور پوڈکاسٹر رنویر الہ بادیہ المعروف بیئر بائیسپس نے سمے رینا کے شو انڈیاز گاٹ لیٹنٹ میں کیے گئے نازیبا تبصروں اور مذاق پر شدید تنقید کے بعد ایک منٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔
سوشل میڈیا پر اُس وقت ہنگامہ برپا ہوا جب الہ بادیہ نے والدین سے متعلق ایک توہین آمیز سوال کیا۔
اس سوال کے بعد سے یوٹیوبر کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے کیے پر معافی مانگی۔
اپنی ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، ’مجھے انڈیاز گاٹ لیٹنٹ پر وہ بات نہیں کہنی چاہیے تھی، میں معافی چاہتا ہوں۔‘
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا، ’میرا تبصرہ ناصرف غیر مناسب تھا بلکہ مضحکہ خیز بھی تھا۔ کامیڈی میرا شعبہ نہیں۔ میں صرف معافی مانگنے آیا ہوں۔‘
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کئی لوگوں نے سوال کیا کہ کیا میں اپنے پلیٹ فارم کا یہی استعمال کرنا چاہتا ہوں؟ ظاہر ہے کہ نہیں۔ میں کوئی وضاحت یا جواز پیش نہیں کروں گا، بس معذرت خواہ ہوں۔ یہ میری غلطی تھی۔‘
الہ بادیہ نے بتایا کہ انہوں نے شو کے منتظمین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ایپی سوڈ کے حساس حصے ہٹا دیں۔
بیئر بائیسپس کے متنازع سوال پر نہ صرف سامعین بلکہ شریک ججز سمے رینا، آشیش چنچلانی اور اپوروا مکھیجا بھی حیران رہ گئے تھے۔ سمے رینا نے فوراً ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا، ’یہ کیا بکواس ہے؟‘
شو کے اس ایپی سوڈ پر تنقید کے بعد الہ بادیہ اور شو کے منتظمین کے خلاف ایک شکایت بھی درج کی گئی ہے جس میں مبینہ طور پر 'نازیبا زبان' کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا۔ بعد ازاں پولیس نے بھی متعلقہ اسٹوڈیو پہنچ کر واقعے کی تحقیقات کی۔