وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد میکرو اکنامک استحکام آیا ہے۔
دبئی میں پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مکمل معاشی استحکام کے حصول کیلئے سفر جاری ہے، معاشی استحکام کا سفر طویل مشکل اور چیلنجز سے بھرپور ہے۔
انکا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کیلئے اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔ برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، شرح سود میں نمایاں کمی ہوئی ہے، آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
جنوری میں ترسیلات زر 3 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ آصف، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، اویس لغاری، عطاءاللّٰہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔