• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا سے میچ کل، پاکستانی کرکٹرز کی چار گھنٹے جان توڑ محنت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سہ فریقی سیریز میں پہلا میچ ہارنے کے بعد پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں جان توڑ محنت اور چار گھنٹے سے زائد نیٹ پریکٹس کی۔ بدھ کو جنوبی افریقا سے مقابلہ ہوگا۔ دریں اثنا پاکستانی پیسر نسیم شاہ نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں فاسٹ بولروں کے مقابلے میں اسپنرز کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں جو ہوا برا ہوا ، خامیوں پر قابو پانے کی کوشش اور شکست بھول کر فتح کیلئے میدان میں اتریں گے۔ کوشش کریں گے جنوبی افریقا کو شکست دیں ۔ کوشش ہوگی بطور بولنگ یونٹ بہتر کارکردگی پیش کریں۔ مسلسل اچھی پرفارمنس ہو رہی ہو تو غلطیاں چھپ جاتی ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی توقعات ہیں، ہم نے کوشش کی ہے کہ بیٹنگ کو بہتر کریں لیکن میچ میں بنیادی کردار بولنگ کا ہوتا ہے، میں بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پر بھی توجہ دے رہا ہوں۔ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ٹیم بہترین دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ٹیم کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے، بولنگ بہترین جبکہ بیٹنگ مضبوط تر ہوتی جارہی ہے، توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ اب تک ڈریسنگ میں بھارت سے میچ کے حوالے سے گفتگو نہیں ہوئی، توجہ ایک میچ نہیں پورے ٹورنامنٹ پر ہوگی، حقیقت ہے کہ پاکستان اور بھارت میچ پریشر والا میچ ہوتا ہے ، جو جتنا پرسکون ہو کر بنیادی کرکٹ کھیلے گا وہی بہترین کھیل پیش کرے گا۔ اس میچ سے قبل گراؤنڈ سے باہر بھی بڑی ہائپ ہوتی ہے، کھلاڑیوں کو میدان میں اس ہائپ کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا اقدام ہے۔

اسپورٹس سے مزید