کراچی میں ہیوی ٹریفک کے سبب ہونے والے حادثات میں بڑھتی اموات کے بعد نامعلوم افراد نے شہر میں 3 مال بردار گاڑیوں اور ایک ٹینکر کو آگ لگادی۔
نامعلوم افراد نے سرجانی ٹاؤن میں واٹر ٹینکر کو آگ لگائی جبکہ علی الصبح لانڈھی نمبر 4 اور 6 میں نامعلوم افراد نے مال بردار ٹرکوں کو آگ لگائی۔
آگ کے باعث ایک ٹرک مکمل جل گیا جبکہ دوسرے کو جلنے سے بچا لیا گیا۔ رات گئے مشتعل مظاہرین نے احتجاج کیا تھا اور پتھراؤ کر کے ٹرالر کے شیشے توڑ دیے تھے۔
ڈی آئی جی ایسٹ عثمان غنی کا کہنا ہے کہ ٹرکوں میں آگ لگانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، کسی کو بھی امن و امان کی صورت حال خراب کرنے نہیں دیں گے۔
دوسری جانب کراچی میں ڈمپر نے ایک اور جان لے لی، ماڑی پور مشرف کالونی میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
شہر میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 104ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈمپروں کی ٹکر سے 7 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔