تحریکِ انصاف خیبر پختون خوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں گروپنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ صوابی جلسہ کامیاب تھا، جلسے سے متعلق رپورٹس مانگی ہیں، غیر تسلی بخش کارکردگی والوں کو آگے جانے نہیں دوں گا۔
جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں رہنا ہے تو محنت کرنی ہو گی، شکیل خان ایماندار شخص ہیں، ان کے ساتھ اب بھی کھڑا ہوں، شکیل خان کے حق کے لیے بولوں گا چاہے کسی کو اچھا لگے یا برا۔
انہوں نے کہا کہ صوابی کے جلسے میں توقعات سے زیادہ لوگ آئے۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ اراکینِ اسمبلی کو جلسے کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے تھے؟
جنید اکبر نے کہا کہ اگر کسی نے یہ کہا کہ مجھے فنڈز نہیں دیے گئے تو وہ سیاست چھوڑ کر دکان کھول لے، پیسوں سے سیاست کرنے والے لوگ پارٹی کے نام پر دھبہ ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ک محنت نہ کرنے والوں کا راستہ روکنے کے لیے ہر حد تک جاؤں گا۔