پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سربراہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نےخود کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کارکردگی سے بری الذمہ قرار دیدیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں میری یا علی امین گنڈاپور کی کوئی اہمیت نہیں، اہم صرف بانی پی ٹی آئی اور ووٹرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی کارکردگی میرے دائرہ اختیار میں نہیں، بانی پی ٹی آئی نے مجھے صوبائی حکومت کی کارکردگی دیکھنے کی ذمے داری نہیں دی۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر نے مزید کہا کہ صوابی جلسے کے ہمارے دو مقصد تھے، ایک مقصد فنانس کا تھا کہ کیا ہم کوئی ایکٹیوٹی کرسکتے ہیں یا نہیں، دوسرا لوگ غلط فہمی پھیلا رہے تھے کہ 26 نومبر کے بعد لوگ نہیں نکلیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ گولیاں ساتھ لانی ہیں، میں نے کہا تھا گولیاں کھانے کی تیاریوں کے ساتھ آئیں گے۔
جنید اکبر نے یہ بھی کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ کرپشن پر کمیٹی بناؤں گا، میں نے کہا تھا میں جزا و سزا کا سسٹم پارٹی کے اندر لے آؤں گا، جو محنت کرے گا پارٹی میں رہے گا جو نہیں کرے گا وہ دیکھ لے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا جلسے کی حوالے سے مکمل تعاون حاصل تھا، وزیراعلیٰ نے بار بار مجھے رابطہ کرکے کہا اگر کچھ فنانس کی ضرورت ہو تو بتائیں۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر نےکہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خط کا جواب آئے یا نہ آئے اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، مجھے سنگل وکٹ ٹھیک سے کھیلنا نہیں آتا تو میں ڈبل وکٹ کیسے کھیلوں گا، علی امین کی ذمہ داریاں زیادہ تھیں اس لیے انہیں پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا۔