• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردوں کو 25 سال چھوٹی لڑکی سے شادی کرنی چاہئے: خاور ریاض


پاکستان فیشن انڈسٹری کے معروف اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹ اور فیشن فوٹو گرافر خاور ریاض لڑکیوں کی کم عمری میں شادی سے متعلق متنازع بیان کے سبب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی زد میں آ گئے۔

فیشن فوٹوگرافر نے کچھ عرصہ قبل ایک نجی پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیا، جس کا مختصر ویڈیو کلپ اب سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔

وہ وائرل ویڈیو میں فیشن فوٹوگرافر لڑکیوں کی کم عمری میں شادی پر اظہارِ خیال پیش کرتے نظر آئے، ان کے مطابق شادی کے وقت خواتین کی عمر 16 سے 18 سال ہونی چاہیے جبکہ مرد بڑی عمر کے ہوں، کیونکہ عورتیں جلد بوڑھی ہو جاتی ہیں، اس لیے مردوں کو ان خواتین سے شادی کرنی چاہیے جو اُن سے کم از کم 25 سال چھوٹی ہوں۔

خاور ریاض کا کہنا ہے کہ جب لڑکی کی عمر کم ہو تو وہ باآسانی اپنے شوہر کے مطابق ڈھل جاتی ہے۔

میک اپ آرٹسٹ کے خیالات پر میزبان نے حیران ہو کر سوال کیا کہ اگر مرد 30 یا 35 سال کا ہے تو کیا وہ 16 سال کی لڑکی سے شادی کرے گا؟

میزبان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جی ہاں! بالکل مرد کر سکتا ہے، اگر وہ مالی لحاظ سے فٹ ہو تو والدین کیوں اسے اپنی بیٹی نہیں دیں گے؟

خاور ریاض کے خیالات سن کر میزبان نے ایک بار پھر سوال کیا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ لڑکیوں کی شادی کم عمری میں نہیں کرنی چاہیے، جس پر اسٹائلسٹ نے جواب دیا کہ تو وہ نہ کریں، یہ تو میرے خیالات ہیں، اگر میں ہوتا تو ایسا ہی کرتا کیونکہ میں نے اپنے بڑوں کو دیکھا ہے کہ جب خاوند بوڑھا ہو جاتا ہے تو ان کی جوان بیوی گھر کی سربراہ بن کر پورے خاندان کو سنبھالتی ہے۔

سوشل میڈیا پر خاور ریاض کا بیان وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید