وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے ججوں کے خلاف ریفرنس لانے کا نہیں کہا، ریفرنس کی نوبت آئی تو ضرور بتائیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثناءاللّٰہ کی جانب سے ججز کیخلاف ریفرنس لانے سے متعلق اعظم نذیر تارڑ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے ان کی نظر میں مس کنڈکٹ ہے، انہوں نے بالکل نہیں کہا کہ ریفرنس لارہے ہیں۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ نہ ہی حکومت نے ریفرنس سے متعلق کہا ہے، ایسی نوبت آئی تو ضرور بتائیں گے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے سربراہ بھی ہیں۔ چیف جسٹس رول آف لاء پروگرام کو بھی ہیڈ کرتے ہیں، ہمارے جج صاحبان اس حوالے سے مختلف کانفرنس میں جاتے رہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آئی ایم ایف وفد سے کسی مقدمات کے سلسلے میں نہیں ملے، چیف جسٹس نے پاکستان کی عدلیہ کے سربراہ کے طور پر ملاقات کی۔