وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ حالات نے ایسا پلٹا کھایا، وہ شخص مکافات عمل کا شکار ہو کر میرے پاس اڈیالا جیل میں بند ہے۔
لاہور میں آسان کاروبار پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر ان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ
نہ اسے پکڑنے کا کہا تھا اور نہ چھوڑنے کا کہا، کبھی یہ نہیں کہا کہ اس کا اے سی بند کردو، کولر بند کرو، اچھا کھانا نہ دو۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کی سیاست ایک دوسرے کو تھپڑ مارنے تک آگئی ہے، باتیں کرنا، الزام لگانا، پگڑی اچھالنا بہت آسان ہوتا ہے، خالی تقریروں سے کسی کا پیٹ نہیں بھرتا، ملک جلاؤ گھیراؤ اور بدتمیزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، عوام جلاؤ گھیراؤ سے تنگ آچکے وہ اپنا گھر چلانا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسکیم بعد میں لانچ ہوتی ہے، ہم گراؤنڈ پر پہلے لاتے ہیں، کچھ لوگوں کو تین کروڑ، کچھ کو 50 لاکھ قرضہ ملا ہے، ایک مہینے کے اندر ہم پہلے قرضے دینے جا رہے ہیں، 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے قرض کی اسکیم ہے، قرض پر کوئی سود نہیں لے رہے ہیں، قرض کیلئے کوئی سفارش نہیں، میرٹ پر قرضے مل رہے ہیں، سو فیصد میرٹ پر یہ قرضے دیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ قرضے عوام کو مل رہے ہیں اور خوشی مجھے ہو رہی ہے، ہم نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرض فراہم کر رہے ہیں، نوکریاں پیدا کرنا آسان کام نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ایک سال میں پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے، لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے، جب حکومت میں آئے مہنگائی 38 فیصد تھی جو اب 4 فیصد پر ہے، ہر روز میری کوشش ہوتی ہے کہ آٹا مہنگا نہ ہو، پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں آٹا سستا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جو تنخواہیں ہیں اس میں گزارہ مشکل ہے، اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو ضروری ہے کہ لوگوں کو کاروبار کیلئے قرض دیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ایک لاکھ 85 ہزار درخواستیں 10 لاکھ قرض کیلئے آئی ہیں، 71 ہزار درخواستیں 3 کروڑ روپے قرض کیلئے آئی ہیں، جنھیں قرض دیا جا رہا ہے، ان کی تعداد روز معلوم کروں گی، جتنا کاروبار بڑھے گا لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں 700 سڑکیں بنا رہے ہیں، کبھی کوئی کہتا تھا کہ سڑکیں بنانے سے قوم ترقی نہیں کرتی، سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں کرتی تو کیا جلاؤ گھیراؤ سے کرتی ہے، یوتھ کو سمجھ آگئی ہے کہ کس نے مستقبل تباہ کیا، کے پی کے میں جو لوگ گھیراؤ جلاؤ کے لیے نکلے وہ سرکاری ملازم تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے آخر تک 20 ہزار لوگوں کو گھر بنانے کیلئے قرض مل جائے گا، رمضان المبارک میں جن کے پاس پلاٹ نہیں انہیں پلاٹ دینے کی اسکیم لا رہے ہیں، رمضان المبارک میں 35 ہزار افراد کو 10 ہزار روپے ملیں گے، ہمارے ساتھی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم آپ کی اسکیم کاپی کر رہے ہیں، میں نے کہا اسکیم کاپی نہ کریں، جو بھی تفصیلات ہوں گی میں فراہم کروں گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جو کاروبار کرنا چاہتا ہے کاروبار کرے، این او سی آتے رہیں گے، کوئی اسکیم ایسی نہیں جو فائل میں ہو، 5 لاکھ افراد کو کسان کارڈ مل گیا ہے، ڈھائی لاکھ کو مل رہا ہے، کسان کارڈ سے کسانوں کی آڑھتیوں سے جان چھوٹ گئی ہے، کسان کارڈ سے کسان 50 ارب کی خریداری کر چکے ہیں۔