سندھ کی وزیر برائے ترقی خواتین شاہینہ شیر علی نے کہا ہے کہ خواتین کی مضبوط قیادت ہی ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضامن ہے۔
صوبائی وزیر نے اسلام آباد میں منعقدہ قومی خواتین کنونشن اور پاکستان ویمن لیڈرز (پی ڈبلیو ایل) پروجیکٹ کے افتتاحی ایونٹ میں شرکت کی۔
یہ تقریب ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی جنرل سیکریٹری اور قومی اسمبلی کی رکن ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی قیادت میں منعقد کی گئی، جس میں ملک بھر سے خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد خواتین کی قیادت اور سیاسی شمولیت کو فروغ دینا تھا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی بااثر خواتین نے پالیسی سازی، قیادت اور خواتین کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر برائے ترقی خواتین سندھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ میں خواتین کے حقوق اور ترقی کےلیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی مضبوط قیادت ہی ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضامن ہے۔
پاکستان ویمن لیڈرز پروجیکٹ کے تحت اس کنونشن میں مختلف موضوعات پر مباحثے اور سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں خواتین کی خود مختاری، قیادت اور پالیسی سازی میں ان کے کردار پر غور کیا گیا۔ اس ایونٹ کو یو این ویمن کی معاونت حاصل تھی۔