خیرپور(بیورورپورٹ) ہاریوں کے حقوق کی جدوجہد کرنے والی خاتون ہاری رہنماء ویرو کولہن کی گرفتاری کے خلاف خیرپور میں مختلف تنظیموں نے ایوان صحافت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظا ہر ے کی قیادت میاں غلام حسین فاتح ،عابد بلوچ،عمران منگی ،اظہر مہدی ،فرخ احمد شیخ اور آغا شاہزیب کر رہے تھے مظاہرین سوک سینٹر سے ریلی نکال کر ایوان صحافت پہنچے جہاں انہوں نے احتجاجی جلسہ اور مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ویرو کولہن کو رہا کرو،جھوٹے مقدمات درج کرنے کا سلسلہ بند کرو اور دیگر نعرے لگا رہے تھے۔ میاں غلام حسین فاتح اور دیگر نے اپنی تقریروں میں کہاکہ ویرو کولہن کی گرفتاری سے ہاریو ں کے حقوق کی جدوجہد ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ گرفتاریوں اور جھوٹے مقدمات سے ہاری رہنماؤں کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد پولیس نے ویروکولہن کو گرفتار کر کے زیادتی اور ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ویرو کولہن کے خلاف درج کئے گئے مقدمے کی انکوائری کے لیے غیر جانبدار انکوائری کمیشن قائم کیا جائے اور ویرو کولہن کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر ختم کی جائے۔