صدر مملکت آصف زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی۔
آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب سید علی حیدر گیلانی کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کی ملاقات میں صدر زرداری نے کہا کہ وہ اور بلاول بھٹو زرداری خود پنجاب میں بیٹھیں گے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں دیر نہیں ہونی چاہیے، بلدیاتی الیکشن کا ہونا بہت ضروری ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، سندھ اور بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہو رہے، ہر فورم پر نشاندہی کر چکے ہیں کہ ہمیں پانی کے مسئلے کو سنجیدہ لینا ہوگا۔
صدر زرداری نے گورنر پنجاب سلیم حیدر کی بھی تعریف کی اور انہیں بہترین کام کرنے والا قرار دے دیا۔
اس ملاقات میں سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود ، ممبران پنجاب اسمبلی سردار ممتاز علی چانگ، ملج واصف مظہر راں، جام رئیس نبیل، رانا اقبال سراج قاضی احمد سعید، میاں کامران عبداللّٰہ مڑل، سید عامر شاہ، حبیب الرحمان چانگ، انعام باری بھی شامل تھے۔
ممبران پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک، نیلم جبار اور شازیہ عابد نے بھی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔