حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سیف الرحمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شناختی کارڈ کے اجراءکے لیے نادرا کی شرائط واضح ہیں نہ ہی افسران شہریوں سے تعاون کرنے پر تیار ہیں، نادرا حکام کی وجہ سے شہری شناختی کارڈ کے حصول کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہیں بالخصوص ان پڑھ افراد اور پختونوں سے امتیازی سلوک برتا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے قومی شناختی کارڈ کے لیے تصدیق درست ہے، شہریوں کی جائز شکایات کا ازالہ نہیں کیا جارہا، نادرا کے ریکارڈ میں جن گھرانوں کے افراد کا مکمل اندراج نہیں ہے، پریشان ہیں اور نادرا سے رجوع کرنے پرشکایات نہیں سنی جارہی ہیں جبکہ پہلی پا شناختی کارڈ بنوانے کے لیے رجوع کرنے والے 18,19 سال کے نوجوانوں، پرانے شناخی کارڈ رکھنے والے معمرافراد، شادی شدہ افراد اور ان کے بچوں، ان پڑھ افراد اور پختونوں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، نادرا دفاتر سے رجوع کرنے والے درخواست گزاروں کو مناسب رہنمائی نہیں ملتی، بالخصوص پختونوں اور ان افراد کوجن کے قریبی رشتہ دار انتقال کرگئے ہیں، زیادہ مسائل سے دوچار ہونا پڑتاہے۔ انھوں نے کہا کہ جعلسازی میں ملوث نادرا کے ملازمین کی سزاشہریوں کو کیوں دی جارہی ہے اور انھیں دھکے کھانے پر کیوں مجبور کیا جارہا ہے۔