مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، اُسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا، پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں۔
مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صوبائی عہدیداروں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی۔
اس موقع پر نواز شریف نے زاہد خان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ زاہد خان منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کی شمولیت سے ن لیگ کی طاقت میں اضافہ ہوگا۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔
انھوں نے کہا پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ن لیگ کا ایجنڈا ہے، جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا۔
نواز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا بیڑہ اٹھایا ہے، اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کی معشیت کو بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں، ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لیے ناگزیر ہوتا ہے۔
زاہد خان نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد اور بھرپور سیاسی کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف کا نظریہ اور پروگرام ہی پاکستان کے عوام کو مسائل سے نجات دلواسکتا ہے، نواز شریف نے ملک کےلیے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جن کی بدولت عوام کو فائدہ پہنچا۔
زاہد خان نے کہا کہ لواری ٹنل جیسے منصوبے کو مکمل کروا کر نواز شریف نے چترال کے عوام کے لئے بہترین سہولت فراہم کی، خیبر پختونخوا کی عوام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارگردگی کو سراہتے ہیں۔