جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ’انتظام‘ میں فِٹ نہیں آرہے تھے، اس لیے خیبر پختونخوا میں اُن کا سائز کم کرکے پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچایا گیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اختلافات باقی ہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ معاملات پر اکٹھے ہیں، جدوجہد کے طریقہ کار پر اختلاف ہو سکتا ہے۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پارٹی میں طے تھا کہ عبدالغفور حیدری کانفرنس میں جائیں گے، مزید آگے بڑھنا کچھ چیزوں سے مشروط ہے، ابھی تو یہ بھی نہیں پتا کہ ان کی جدوجہد کا طریقہ کار کیا ہے۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ اسد قیصر کو اپنے تحفظات سے متعلق بتایا تھا ابھی تک جواب نہیں دیا گیا، تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا ایک تلخ ماضی رہا ہے، پی ٹی آئی اور جے یو آئی بات چیت کرنے اور تنقید نہ کرنے کی حد تک قریب آگئے ہیں۔