بھارتی ریاست اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے رواں ہفتے کے آغاز میں خودکشی کر لی، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (TCS) کے ملازم نے مرنے سے قبل ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگرہ کا رہائشی، مناو شرما 24 فروری کی صبح اپنے گھر میں لٹکے ہوئے پایا گیا۔
خودکشی کے ذریعے موت کو گلے لگانے والے شخص نے خودکشی کرنے سے قبل جذباتی ویڈیو میں اہلیہ پر الزام لگایا کہ وہ انہیں ہراساں کر رہی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مناو شرما نے اہلیہ پر الزام لگاتے ہوئے اپنے جذباتی ویڈیو بیان میں بتایا کہ اہلیہ مجھے ایک سال سے ہراساں کر رہی تھی۔
بیٹے شرما کی خودکشی کے بعد اس کے والدین نے صدر پولیس کو شکایت درج کرانے کی کوشش کی جس پر افسران نے مہا شیو راتری کی ڈیوٹی پر مامور رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں واپس گھر بھیج دیا، بعد ازاں مناؤ کے والدین نے معاملہ سی ایم پورٹل پر اٹھایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب صدر پولیس نے واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مناؤ شرما نے انتہائی قدم اٹھانے سے قبل تقریباً 7 منٹ کی جذباتی ویڈیو ریکارڈ کی تھی، ویڈیو میں اسے روتے ہوئے دیکھا گیا۔
مناؤ نے آخری ویڈیو پیغام میں اپنے انتہائی قدم کے لیے اہلیہ کو مورِد الزام ٹھہراتے ہوئے لوگوں سے التجا کی کہ مردوں کے بارے میں بھی سوچیں اور بات کریں۔
مناؤ شرما نے اپنے ویڈیو پیغام میں خودکشی کے فیصلے پر اپنے والدین سے معافی بھی مانگی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مناؤ شرما نے اپنی ویڈیو میں حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکام کے لیے ہے، حکام جیسا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں، قانون کو مردوں کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے، ورنہ ایک وقت آئے گا جب کوئی مرد نہیں بچے گا، کوئی ایسا آدمی نہیں ہو گا جس پر کوئی الزام نہ لگا ہو۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی صورتِ حال بتانے دو، یہ بہت سے دوسرے لوگوں کی طرح ہے، مجھے پتہ چلا ہے کہ میری بیوی مجھے دھوکا دے رہی ہے، وہ کسی اور کے ساتھ ناجائز تعلقات میں ملوث ہے۔
مناؤ نے مزید کہا کہ براہِ مہربانی مردوں کے بارے میں سوچیں، مردوں کے بارے میں بات کریں، وہ بہت تنہا ہیں۔
مناؤ نے اپنی خود کشی پر والدین سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ پاپا سوری، ممی سوری لیکن لوگ پلیز سمجھ لیں، جیسے ہی میں جاؤں گا، سب ٹھیک ہو جائے گا، میرے مرنے کے بعد سب کچھ بہتر ہو جائے گا، تو، مجھے جانے دو۔