کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں شہری پر گارڈز کے ساتھ تشدد کرنیوالے شاہ زین مری سے متعلق تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ضلع جنوبی اسد رضا کا کہنا ہے کہ شاہ زین مری سے متعلق تفصیلات حاصل کی ہیں، وہ 19 فروری کو حب سے کراچی آیا تھا، اس کا روٹ پلان بھی حاصل کیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ ملزم حب سے بوٹ بیسن پہنچا اور وہاں جھگڑا ہوا تھا، شاہ زین مری کے 5 گارڈز کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات شاہ زین مری کے دوست کے گھر چھاپہ مارا گیا، دوست کے مطابق شاہ زین مری واقعے کے بعد بلوچستان فرار ہوگیا تھا۔
اسد رضا کا کہنا ہے کہ گارڈز سے ملنے والے اسلحے کے لائسنس کی تفصیلات چیک کی جا رہی ہیں، شاہ زین مری کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسلح افراد کے شہری پر تشدد کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی تھی ۔
پولیس کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے کچھ ملزمان کی شناخت اور گاڑی کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔
متاثرہ شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ تشدد کا نشانہ بنانے والوں کو گرفتار اور شہر سے وی آئی پی کلچرل کا خاتمہ کیا جائے۔