ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں کے مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں رمضان کا چاند اہتمام کے ساتھ دیکھا گیا، پہلا روزہ کل بروز اتوار 2 مارچ 2025 کو ہوگا۔
آج نماز عشا کے بعد پہلی تراویح اور کل پہلی سحری ہوگی۔ پورا ملک ماہِ رمضان المبارک کو خوش آمدید کہنے کےلیے تیار ہے۔ مساجد میں خصوصی عبادات کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
آج پہلی تراویح ادا کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا، لوگ سحر و افطار کا سامان خریدنے میں مصروف نظر آئے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت گزشتہ روز پشاور میں ہوا تھا، جس میں ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر نہ آنے کی شہادت کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیراعظم اور صدر مملکت کی مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک پیغام میں کہا کہ رمضان رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے، اس مہینے میں اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی قربت عطا فرماتے ہیں، رمضان کا اصل پیغام صبر، شکر، ہمدردی اور اخوت و ایثار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ مہینہ ہے جو ہمیں دوسروں کے دکھ درد کا احساس دلاتا ہے، ہمیں اپنے آس پاس غریبوں اور محتاجوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، ہمیں اپنی استطاعت کے مطابق مستحقین کی مدد کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ان لاکھوں فلسطینیوں اور کشمیریوں کو بھی یاد رکھنا ہے جو ظلم و جبر کا شکار ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے پیغام میں مسلمہ کو رمضان المبارک کے آغاز پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، رمضان تقویٰ، اخلاص اور قربِ الہیٰ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں معاشرے میں ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دیں، رمضان ہمیں محروم طبقات کی تکلیف کا احساس بھی دلاتا ہے، رمضان کا پیغام یہی ہے اپنی ذات سے بلند ہو کر دوسروں کی مدد کریں۔
صدر مملکت نے قوم سے اپیل کی کہ اس ماہ میں ضرورت مند افراد کا خاص خیال رکھیں۔