وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بسنت کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے لبرٹی چوک لاہور پہنچ گئی، انہوں نے شہریوں سے گفتگو بھی کی۔
مریم نواز نے بغیر سیفٹی رارڈ لگائے موٹر سائیکل سوار کو دیکھ کر گاڑی روک لی، موٹر سائیکل سوار کو سیفٹی راڈ لگانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے موٹرسائیکل سوار کو سیفٹی راڈ لگانے کا کہتے ہوئے کہا کہ آپ کو مفت سیفٹی راڈ لگائے جا رہے ہیں، مجھے آپ کی سلامتی کی پرواہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جن حضرات نے ابھی تک اپنی موٹر سائیکل پر سیفٹی راڈز نصب نہیں کروائے، ان سے گزارش ہے کہ اپنی حفاظت اور سلامتی کے لیے جلد از جلد یہ کام مکمل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغیر سیفٹی راڈز کے موٹر سائیکل کو لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جرمانہ یا قانونی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
شہریوں نے بسنت کروانے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، اور اقدامات کو سراہا۔
دوسری جانب بسنت کے تہوار میں بس اب چند گھنٹے کا انتظار ہے، لاہور ایک بار پھر بسنت کے رنگ میں رنگنے کو تیار ہے۔ عوام کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ گڈے اور ڈور خرید لیے، پیچ لڑانے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
لاہور میں بسنت کیلئے موسیقی کا تڑکا، موج مستی اور ہلا گلا کا بھی انتظام ہوگیا، وقت قریب آتے ہی پتنگ کی دکانوں میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آرہی ہے پتنگ سازی کے سامان کی فروخت میں تیزی آگئی۔ شہریوں نے پتنگیں اور ڈور مہنگی ہونے کا شکوہ کیا۔