کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے علاقے ایل سیرو میں پانی کی پائپ لائن کےلیے بنایا گیا چھوٹا سا گڑھا متعلقہ حکام کی عدم توجہ کے باعث کیلے کے باغ میں تبدیل ہوگیا۔
کیوبا میں بنیادی ڈھانچے کی بگڑتی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ملک کی 70 فیصد سڑکیں یا تو "درمیانے درجے" کی ہیں یا "انتہائی خراب حالت" میں ہیں، لیکن کچھ سڑکوں کی حالت اتنی بدتر ہے کہ انہیں فعال راستہ کہنا بھی مشکل ہوگا۔
ہوانا کے علاقے ایل سیرو میں ایک سڑک اسی خستہ حالی کی علامت بن چکی ہے، جہاں بیچ سڑک پر کیلے کے درخت اگ آئے ہیں۔ یہ گڑھا تین سال قبل پانی کی پائپ لائن کے ٹوٹنے سے بنا تھا، جسے بعد میں مقامی حکام نے مرمت کر دیا، مگر سڑک پر دوبارہ تارکول نہ بچھایا گیا۔
وقت گزرنے کے ساتھ اس بڑے گڑھے میں پودے اگنے لگے، جن میں سے ایک کیلا کا درخت تھا، جو آہستہ آہستہ ایک چھوٹے باغ کی شکل اختیار کر گیا۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ مقامی لوگ اس "گڑھے کے باغ" کی دیکھ بھال باقاعدگی سے کرتے ہیں اور اب یہ سڑک محض ایک راستہ نہیں بلکہ کیلے کے درختوں کی چھوٹی نرسری بن چکی ہے۔