بھارتی ریاست ہریانہ میں بیٹی حیوانیت پر اتر آئی، ماں پر بہیمانہ تشدد کیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ہریانہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے اپنی ماں کو تشدد کا نشانہ بنایا، انہیں مارا پیٹا اور یہاں تک کہ ان کے جسم پر کاٹ بھی لیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نا صرف اپنی ماں کو گالیاں دے رہی ہے بلکہ انہیں زدوکوب بھی کر رہی ہے۔
یہ خوفناک واقعہ آزاد نگر کا ہے، جہاں ایک خاتون ریٹا اپنی بوڑھی ماں نرملہ دیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے نظر آ رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرملہ دیوی رو رہی ہیں، مگر ریٹا مسلسل انہیں مارتے ہوئے کہتی ہے کہ میں تمہارا خون پیوں گی۔
ماں کی چیخ و پکار اور درد کے باوجود وہ ظلم سے باز نہیں آتی، سفاک بیٹی ماں کے بال کھینچ کر انہیں بستر سے نیچے گرا دیتی ہے اور بار بار ان پر حملہ کرتی ہے۔
نرملہ دیوی کے بیٹے امر دیپ سنگھ نے پولیس کو شکایت درج کرا دی ہے، انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بہن ریٹا ماں پر ذہنی اور جسمانی تشدد کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی جائیداد اس کے نام منتقل کردیں۔
امر دیپ کے مطابق ریٹا کی شادی 2 سال قبل سنجے پونیا نامی شخص سے ہوئی تھی، لیکن شادی کے بعد وہ اپنی ماں کے گھر واپس آ گئی اور پھر اپنی ماں کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔
امر دیپ نے مزید بتایا کہ ریٹا نے 65 لاکھ روپے میں کروکشیتر میں خاندانی جائیداد بیچ دی اور اب ماں کے حصے کی پراپرٹی بھی اپنے نام کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔
امر دیپ نے یہ بھی کہا کہ وہ ماں کو قید میں رکھ رہی ہے اور انہیں کسی سے ملنے نہیں دیتی، ریٹا نے انہیں دھمکی دی تھی کہ اگر وہ گھر آئے تو وہ ان پر جھوٹے الزامات لگا دے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریٹا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر عوام ریٹا کے وحشیانہ رویے پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔