وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی رفتار کو مزید نیچے لائیں گے۔
فیصل آباد میں مینارٹی کارڈز کی تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی رفتار 38 سے 40 فیصد تھی، اسے ہم 3 سے 4 فیصد تک لے آئے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی رفتار کو حکومت کنٹرول میں رکھتی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مینارٹی کارڈ سمیت دیگر پروگرامز کا مقصد آسانی فراہم کرنا ہے، موجودہ مہنگائی میں اس رقم سے سہارا ملے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہمت کارڈ کے بارے میں اس سے پہلے کسی نے بھی نہیں سوچا، یہ اقدامات بلاتفریق ہیں کہ کس نے ہمیں ووٹ دیا کس نے نہیں دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی جب جب خدمت کا موقع ملا بھرپور خدمت کی۔