• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ گلاب جامن آملیٹ کھانا پسند کریں گے؟








گلاب جامن اور انڈے کے عجیب اور انوکھے امتزاج سے بنے گلاب جامن آملیٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس نے کھانے کے شوقین افراد کو دنگ کر دیا۔

انڈہ ایک بہترین پروٹین کا ذریعہ ہے اور صحت کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ دن کی شروعات پروٹین سے بھرپور ناشتے کے ساتھ کرنا بہترین انتخاب ہے۔

جب پروٹین کا ذکر ہوتا ہے تو سب سے پہلے جو چیز ذہن میں آتی ہے وہ انڈے ہی ہوتے ہیں، چاہے کوئی انہیں پسند کرے یا نہ کرے، انڈے دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول اور صحت بخش ناشتہ سمجھے جاتے ہیں۔

انڈوں کو مختلف انداز میں بنایا جا سکتا ہے، جیسے کہ سنّی سائیڈ اپ، اسکریمبلڈ یا پوچڈ، لیکن سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے انداز میں آملیٹ شامل ہے، جو مسالے دار اور سبزیوں سے بھرپور بھی بنایا جاتا ہے۔

آج کل دیگر کھانوں کی طرح آملیٹ کے ساتھ بھی عجیب و غریب تجربات کیے جاتے ہیں، چاکلیٹ آملیٹ اور چاؤمین آملیٹ جیسے انوکھے امتزاج کے بعد اب ایک نئی حیرت انگیز ڈش سامنے آئی ہے، گلاب جامن آملیٹ۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک اسٹریٹ فوڈ فروش گلاب جامن آملیٹ تیار کر رہا ہے، اس منفرد ڈش نے کھانے کے شوقین افراد کو حیران اور مایوس کر دیا ہے۔

گلاب جامن آملیٹ کی ویڈیو بھارتی فوڈ وی لاگر نے اپنے انسٹا گرام پر اپ لوڈ کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹریٹ فوڈ فروش 6 انڈے توڑ کر ایک پین میں ڈالتا ہے اور اس میں گلاب جامن کے ٹکڑے شامل کرتا ہے، اس کے بعد وہ دھنیا، نمک، پیاز اور ہری مرچیں ڈالتا ہے، جب آملیٹ پک کر تیار ہو جاتا ہے تو اسے پلیٹ میں نکال کر کیچپ کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

اس غیر معمولی امتزاج پر لوگوں نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے، بھارت کی ایک معروف فوڈ ڈیلیوری سروس نے کیچپ کے اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بھی ٹھیک تھا معافی مل جاتی، پر کیچپ؟

سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، ایک صارف نے لکھا RIP آملیٹ، کسی نے کہا وہ کون سے لوگ ہیں جنہوں نے اس ویڈیو کو پسند کیا ہے، مطلب انہوں نے یہ ڈش کھائی ہے؟

کچھ صارفین نے کھانے کے اس طرح کے تجربات کو کھانے کی بربادی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ صرف ویوز اور فالوورز کے لیے کھانے کو ضائع نہ کریں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید