برطانوی شاہ چارلس سوم نے یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کے ہمراہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے ان سے یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز برطانیہ میں یورپی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں دیگر یورپی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ یوکرینی صدر نے بھی شرکت کی۔
یہ اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد یوکرینی صدر سے اظہارِ یک جہتی، یوکرین جنگ اور سلامتی پر منعقد کیا گیا تھا۔
برطانوی دارالحکومت لندن کے لنکاسٹر ہاؤس میں ہونے والے اس اہم سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد 47 سالہ یوکرینی صدر بذریعہ ہیلی کاپٹر نورفولک پہنچے، جہاں انہوں نے شاہی رہائش گاہ سینڈرنگھم ہاؤس میں کنگ چارلس سوم سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے حوالے سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شاہی خاندان کے آفیشل اکاونٹ کی جانب سے تصویر پوسٹ کی گئی۔
تصویر میں ولودیمیر زیلنسکی شاہ چارلس سے مُصافحہ کر رہے ہیں۔
شاہی محل کی جانب سے اس ملاقات کی مزید تفصیلات تو جاری نہیں کی گئیں البتہ بذریعہ کیپشن انہوں نے بتایا ہے کہ یوکرینی صدر کا پُرتباک استقبال کیا گیا۔
اس سے قبل 2024ء میں شاہ چارلس نے روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والی جنگ میں یوکرینی عوام کی ہمت و حوصلے کی تعریف کی تھی۔