بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
گزشتہ روز ویرات کوہلی چمپیئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی تو نہیں دکھا سکے اور گلین فلپس نے ایک ناقابلِ یقین کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا صرف 11 رنز پر ہی خاتمہ کر دیا لیکن اس میچ میں انہوں نے 300 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہاں ایک اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بھارتی کرکٹر نے اپنے کیریئر کا 200 واں میچ بھی نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
ویرات کوہلی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں 300 میچز کھیلنے والے 18 ویں جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ اور ٹی20 کرکٹ میں بھی 100 سے زائد میچز کھیلنے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹر نے بھارت کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔