2016 کی بالی ووڈ فلم صنم تیری قسم کے ڈائریکٹرز رادھیکا راؤ اور ونے سپرو نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فیاضی و سخاوت کا ایک واقعہ شیئر کیا جس میں ایک کریو ممبر کی آنکھیں بھر آئی تھیں۔
واضح رہے کہ رادھیکا راؤ اور ونے سپرو نے بطور فلم ساز اپنے کیریئر کا آغاز 2005 کی فلم "لکی: نو ٹائم فور لوو" سے کیا تھا، جس میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
سلمان خان سے متاثر ہدایتکاروں کی اس جوڑی نے متعدد انٹرویوز میں انکی تعریف کی۔
ایک میڈیا ادارے سے گفتگو کے دوران انہوں نے مذکورہ بالا واقعہ کا ذکر کیا جس میں سلمان خان نے 65 سالہ کریو ممبر کو 10 ہزار امریکی ڈالرز دیے۔
ونے سپرو کے مطابق وہ فلم لکی کی روس مین شوٹنگ شروع کرنے والے تھے۔ انکے مطابق ایک 65 سالہ خاتون جو کوسٹیوم کونٹینیوٹی میں کام کرتی تھیں، انہیں سلمان خان نے 10 ہزار ڈالر دیے جس پر انکی آنکھوں میں آنسو تھے۔ فلم کے آدھے کریو ممبر روسی اور آدھے بھارتی تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان خان کی مدد کےلیے مقرر کریو ممبر ایک 65 سالہ روسی خاتون تھیں، جو انکے ساتھ ماں کی طرح رہتی تھیں۔ وہ سیٹ پر سلمان کو ڈانٹتی اور بڑے اسٹار ہونے کے باوجود سلمان خان ہنستے رہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دن جب خاتون سیٹ پر آئی تو اسکی آنکھوں میں آنسو تھے اور جب ہم نے وجہ پوچھی تو انہوں نے پیسوں والا لفافہ دکھایا کہ یہ سلمان خان نے دیا ہے۔
فلمساز نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ روتے ہوئے خاتون کا کہنا تھا کہ شاید اب مجھے دو تین برس کام نہ کرنا پڑے، میں انہیں شکریہ بھی نہ بول پائی، سلمان کچھ اور ہی لیول کے انسان ہیں۔