راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے راولپنڈی،جہلم،چکوال اور اٹک کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار درست کرنے کیلئے انتظامیہ کو مہلت دیتے ہوئے کہاہے کہ ہسپتالوں کی حالت زار درست کرنے کی ذمہ داری متعلقہ ایم ایس اور ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کی ہے۔پنجاب حکومت کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائن جس کے تحت ہسپتالوں کا سروے کرکے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی کے مطابق اپنے اپنے ہسپتالوں کی حالت درست کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو راولپنڈی ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں کے حوالے سے چاروں ڈی سی اوز اور دیگر افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی اوز کی ہسپتالوں کے حوالے سے رپورٹس اپنی جگہ لیکن میں خود دورہ کروں گا۔جس میں صفائی،عمارت کی حالت، مشینری، جرنیٹرز، لائٹنگ، ادویات کی موجودگی و فراہمی،عملہ کی حاضری، عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔