• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: مسجد العمری الكبير کی رونقیں 2 برس بعد لوٹ آئیں


رمضان المبارک کی آمد کی ساتھ ہی فلسطینی شہر غزہ کی سب سے قدیم مسجد العمری الكبير کی رونقیں بھی 2 برس بعد لوٹ آئیں۔

7 ویں صدی میں حضرت عمرؓ بن الخطاب کے جرنیلوں کی جانب سے پہلی بار گرجا گھر سے مسجد میں تبدیل ہونے والی یہ مسجد 2023ء کے آخر میں اسرائیلی حملے میں تباہ ہو گئی تھی۔

اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والی ’غزہ کی عظیم مسجد‘ کے نام سے مشہور اس مسجد میں 2 برس بعد گزشتہ جمعے کو پہلی تراویح کا اہتمام کیا گیا۔

2 سال بعد مسجد کی رونقیں واپس لوٹنے پر غزہ کے رہائشی نہایت خوش و خرم دکھائی دیے۔

غزہ کے رہنے والوں کے مطابق گزشتہ برس مسجد کے تباہ ہونے کے سبب ہم یہاں نماز اور تراویح کے لیے نہیں آ سکے تھے لیکن اس سال جنگ بندی اور مسجد کی تعمیرِ نو کے بعد ہم یہاں لوٹ آئے ہیں۔

ایک اور شہری کے مطابق گزشتہ برس مسجد میں عبادت کا ماحول نہیں تھا لیکن اس سال ہمیں خوشی ہے کہ یہاں آ سکے اور اللّٰہ کی عبادت کر سکے، یہ خوشی ناقابلِ بیان ہے۔

شہری کا کہنا ہے کہ اللّٰہ جنگ بندی کرنے والوں کو سلامت رکھے، جن کی وجہ سے ہمیں غزہ کی سب سے قدیم مسجد میں نماز پڑھنےکا موقع ایک بار پھر نصیب ہوا۔