اسرائیلی وزیرخارجہ کے بیان پر حماس نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ حماس نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو یا امداد کے لیے غیر مسلح ہونے کو قبول نہیں کریں گے۔
اس حوالے سے حماس کے رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ غزہ کی مزاحمتی فورسز کے ہتھیاروں کی بات کرنا احمقانہ ہے، مزاحمتی فورسز کو غیر مسلح کرنا ریڈ لائن ہے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو یا غزہ میں امداد کےلیے غیر مسلح ہونے کو قبول نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ گدون ساعر نے ایک بار پھر قابض اسرائیلی حکومت کے جارحانہ عزائم کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کےلیے شرط رکھ دی تھی۔
یروشلم میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا، اسرائیلی حکومت جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کےلیے تیار ہے، جس میں غزہ سے اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اور تمام قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔