نجی اسکولوں کی مانیٹرنگ اور کنٹرول کرنے والے ادارے ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے اسکول ڈیٹا جمع کرانے کے لیے آخری یاد دہانی کا گشتی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
ایڈشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن پروفیسر رفیعہ ملاح کے مراسلے میں نجی اسکولوں کے پرنسپلز و ایڈمنسٹریٹرز کو یاد دہانی کروائی گئی ہے کہ انہیں مورخہ 22-01-20 کے مطابق براہِ راست معلومات جمع کروانے کے لیے کہا گیا تھا۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ جامع ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فارم ڈائریکٹوریٹ کی ویب سائٹ: http://drips.gos.pk پر دستیاب ہے۔
مراسلے کے مطابق ڈیٹا جمع کرانے کی ابتدائی آخری تاریخ 25 فروری 2025ء مقرر کی گئی تھی، تاہم پرائیویٹ اسکولوں کے پرنسپلز اور ایڈمنسٹریٹرز کی درخواستوں پر ڈیڈ لائن میں 15 مارچ 2025ء تک توسیع کر دی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی اسکولوں (چاہے وہ رجسٹرڈ ہوں یا غیر رجسٹرڈ) کو ایک بار پھر ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 15 مارچ 2025ء تک ڈیٹا اکٹھا کرنے کے فارم کو مکمل کر کے مطلوبہ معلومات جمع کرائیں۔
مراسلے میں انتباہ کیا گیا ہے کہ براہِ کرم نوٹ کریں کہ اس آخری تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، وہ اسکول جو مقررہ مدت کے اندر تعمیل کرنے میں ناکام رہتے ہیں ان کی رجسٹریشن اس وقت تک معطل رہے گی جب تک کہ مطلوبہ معلومات جمع نہ کرا دی جائیں۔